مٹیاری/بھٹ شاہ ( نمائندہ جسارت ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے پیار، امن اور محبت کا درس دیا ہے جس کی اس وقت اشد ضرورت ہے، شاہ سائیں نے عورت کے حقوق کی بات کی ہے، جبر اور گھٹن کے دور میں لطیف نے امن کی بات کی، شاہ سائیں نے پیغام دیا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ شاہ لطیف ؒکے آنگن میں موجود ہوں، عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے مدعو کرنے پرمحکمہ ثقافت کے وزیر سید ذوالفقار علی شاہ اور سندھ حکومت کا شکرگزار ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ کے عرس کے دوسرے روز مزار پر چادر چڑہانے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال کے پیش نظر ہم سب کو ساتھ چلنا چاہیے یہ اختلافات کا وقت نہیں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ غریبوں کو نوکریاں دینے پر میں 9 سال تک جیل میں رہا مگر میں نے کسی جج اور نہ کسی ادارے کا نام لیا، نہ کوئی شکایت کی اور ریاستی خفیہ معلومات کو بھی ظاہر نہیں کیا، شہید بینظیر بھٹو اور آصف زرداری نے بھی جیل کاٹی اورذوالفقار علی بھٹو شہید ہوئے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں۔ نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کو بھی جیل جانا پڑا، میں تنقید نہیں کرنا چاہتا کہ کسی کو جیل جانا چاہیے یا کسی کونہیں، ریلیف دینا عدالتوں کا کام ہے۔ ایک سوال پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر مولانا صاحب تبدیلی کی بات کرتے ہیں تو پھر وہ لوگ آجائینگے اور مولانا صاحب کو ہمارے ساتھ بیٹھنا پڑے گا، عدلیہ کو چاہیے کہ جلد 9 مئی کے واقعے پر انصاف کرے۔ سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے کے سوال پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سینیٹ میں بات کی جائے گی، سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبہ جلدسے جلد مکمل ہونا چاہیے، کراچی معیشت کا حب ہے اسلیے موٹروے منصوبہ جلد مکمل ہونا چاہیے۔بعد ازاںچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لطیف ادبی کانفرنس کی صدارت کی، عرس کے دوسرے روز ایچ ٹی سورلی ہال میں سالانہ ادبی کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی نے جابر حکمرانوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا ہے اور خواتین کے حقوق کی بات کی ہے، شاہ لطیف کی شاعری تمام انسان ذات کیلیے ہے جس پر عمل کیا جائے تو موجودہ دور کے مسائل سے نجات پاسکتے ہیں۔لطیف ادبی کانفرنس سے وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔