اجازت نامہ منسوخ: پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں ہرصورت جلسہ کرنے کا اعلان

285

اسلام آباد:پی ٹی آئی نے جلسے کا اجازت نامہ منسوخ ہونے کے باوجود اسلام آباد میں ہر صورت جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی (اسلام آباد) کے صدر عامر مغل نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہمارے جلسے  کا این او سی منسوخ کردیا ہے، لیکن ہماری جانب سے جلسہ منسوخ نہیں کیا گیا، ہم کل (22 اگست کی) شام چار بجے ترنول چوک میں پشاور روڈ پر جلسہ ضرور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری جلسہ کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنا مقررہ جلسہ منسوخ نہیں کریں گے کیوں کہ پرامن طور پر سیاسی جدوجہد کرنا ہمارا قانون اور آئین کے مطابق حق ہے، جسے ہم ہر قیمت پر نہیں چھوڑیں گے۔

عامر مغل نے کہا کہ جڑواں شہروں کے لوگ اور ملک بھر سے عوام خصوصاً نوجوان کل 22 اگست کو جلسے کے مقررہ مقام پر پرامن طور پر پہنچیں، میں انہیں سیاسی جلسے کی دعوت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مار تو سکتے ہیں لیکن پرامن سیاسی جدوجہد کا حق لینے سے روکا نہیں جا سکتا۔