لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کے پیسے سے عوام کے بل دے دیئے تو کیا غلط کیا؟،45 ارب روپے کا ریلیف دیا، زیادہ پیسے ہوتے توزیادہ ریلیف دیتی۔
سندھ کے 7ویں سول سروس ٹریننگ پروگرام کے افسران کے وفدسے ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کو ریلیف دیں گے تو سب سے زیادہ خوشی مجھے ہوگی۔ سندھ میں جو اچھے کام ہوئے ہیں ہمیں بھی کرنے چاہئیں، بہت سے کام ہم بھی کررہے ہیں سندھ کو دیکھنے چاہئیں۔کسی صوبے میں اگر کوئی اچھا کام ہورہا ہے تو اپنانے میں کوئی حرج نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں ملکر عوام کی خدمت کرنی ہے، باہمی رابطے رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ صاحب سے احترام کا رشتہ ہے، میٹنگ میں سب ایک ہوتے ہیں۔ محمد نوازشریف نے موٹروے بناکر صوبوں کو ایک دوسرے سے جوڑا۔سی پیک پورے پاکستان کے لئے ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ رات بھر میں تبدیلی ممکن نہیں ہوتی لیکن کوشش کرنی چاہیے۔ میرٹ پر آنے والوں میں عزت نفس اور احساس ذمہ داری زیادہ ہوتا ہے۔پوسٹنگ ٹرانسفر 100فیصدمیرٹ پر ہوتی ہیں، اپنے لوگوں کو ناراض کیا لیکن میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔ انتظامیہ کو بتا دیا کہ ارکان اسمبلی اور عوام کا جائز کام ضرور کرنا ہے، ناجائزکام کسی کا نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سندھ حکومت کے افسران کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ سندھ گورنمنٹ کے زیر تربیت صوبائی افسران نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے ویژنری اور اختراعی آئیڈیاز کو سراہا۔ سندھ حکومت کے افسران نے وزیر اعلی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹریز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔