آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر و غزہ کے عوام سے پوچھیں، آرمی چیف

220

اسلام آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر و غزہ کے عوام سے پوچھیں۔

وفاقی دارالحکومت میں نوجوانان پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں، اور ان کی آنکھوں کی چمک دیکھ کر یقین  ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمے داری ہے کہ عوام اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا سے پیدا ہونے والے ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے بچائے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ علم انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر و غزہ کے عوام سے پوچھیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے  اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے تحفظ اور ترقی کی ضمانت عوام، حکومت اور فوج کے درمیان مضبوط رشتے  کی بنیاد پر ہے۔ وہ عناصر جو پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا بیانیہ بنا رہے ہیں وہ آج کہاں ہیں؟

سپہ سالار پاکستان نے کہا کہ بہ طور مسلمان ہمیں مایوسی اور ناامیدی سے روکا گیا ہے۔ یہ زندگی ایک امتحان ہے۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت  کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ‘‘کیا لوگ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ‘ہم ایمان لائے’اور ان کی آزمائش نہ ہو گی”۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی ترین اور سب سے بڑا سرمایہ ہیں، ہم انہیں کسی قیمت پر ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ جنرل  عاصم منیر نے علامہ اقبال کا شعر پڑھا کہ:

افراد کے  ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر

ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ