شہریوں کی سہولت کیلیے مچھر مار مہم فورا شروع کی جائے ،ڈی سی بینظیر آباد

80

نوشہروفیروز(نمائندہ جسارت)کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر نے ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر کے ہمراہ نوشہرو فیروز ضلع کا دورہِ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم نے کمشنر شہید بینظیر آباد کو ضلع میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے برساتی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے ، پہلی ترجیح کے طور پر زیادہ ابادی والے علاقوں سے بارش کا پانی نکالا جا رہا ہے ، تمام شہروں کی پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ کے کچھ شہروں کے نشیبی علاقوں میں میں برسات کا پانی موجود ہے جوکہ جلد نکالا جائے گا۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین میونسپل کمیٹی نوشہرو فیروز اور مورو کے ہمراہ نوشہرو فیروز اور مورو شہر کا دورہِ کیا۔ انہوں نے سندھ کالونی روڈ، پڈعیدن روڈ، سول اسپتال نوشہرو فیروز ، پولیس اسٹیشن اور ڈرینج پمپنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا۔کمشنر شہید بینظیر آباد نے میونسپل کمیٹی مورو کے چیئرمین نذیر احمد میمن کے ہمراہ نیشنل ہائی وے مورو اور دادو مورو روڈ سے برساتی پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہروں سے برساتی پانی کی نکاسی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں اور شہریوں کو برسات کے بعد پیدا ہونے والے مچھروں سے بچانے کے لیے مچھر مار اسپرے مہم چلائی جائے۔ اس کے بعد انہوں نے دادو مورو برج پر دریائے سندھ کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر راحب حسین بھان نے افسران کو دریائے سندھ میں موجودہ سیلابی صورتحال کے متعلق بریفننگ دی اور بتایا کہ اس وقت دریائے سندھ میں نوشہرو فیروز ضلع کی حدود سے تین لاکھ کیوسک سے زائد سیلابی ریلا گزر رہا ہے جوکہ درمیانی سیلابی ریلہ کہلاتا ہے، جبکہ دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں پر تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔