اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے قیام سے غریب گھرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے یو کے کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نومنتخب صدر اسرار خان کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسرار خان کاکڑ کو بیرون ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔