پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کاآغاز آج سے ہوگا

318

راولپنڈی ( سید وزیر علی قادری ) پاکستان کرکٹ ٹیم آج بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کا آعاز کرے گی۔ دوسرا ٹیسٹ میچ اسی اسٹیڈیم میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔پاکستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس نے چیمپئن شپ میں 2 سیریز کھیلی ہیں سری لنکا کے خلاف اس نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان اس سیزن میں 9 ٹیسٹ میچ کھیلے گا جو 1998-99 کے بعد سے اس کا مصروف ترین ٹیسٹ سیزن ہے۔ ان میں سے 7 ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں بنگلا دیش کے خلاف 2 اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف 3 اور اء￿ ندہ سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 شامل ہیں۔ 2 ٹیسٹ میچ جنوبی افریقا کے خلاف ہیں جو دسمبر/ جنوری میں جنوبی افریقا میں کھیلے جائیں گے۔بنگلا دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی اس سال اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پہلی بین الاقوامی اسائنمنٹ ہے۔ یہ شان مسعود کا بطور کپتان ہوم سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ بھی ہو گا جس سے ٹیم کے لیے ریڈ بال کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ٹاس ساڑھے 9 بجے ہوگا اور میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا۔شائقین کی سہولت کے لیے ٹکٹس انتہائی معمولی قیمت پر رکھی گئی ہیں۔پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کے لیے میچ جیتے۔ ہم اس سیریز اور آنے والے سیزن کے لیے ْپرجوش ہیں۔ ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک باصلاحیت گروپ ہے جو سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے چین ہے۔ ہمارے بولرز بیس وکٹیں لینے اور ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بنگلادیش کے خلاف سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ ہمیں ایک مصروف سیزن کی تیاری کرنی ہے اور ہم اچھی کارکردگی کے لیے ْپرعزم ہیں۔ سیریزسے قبل ہمارے کچھ اچھے ٹریننگ سیشن ہوئے اور کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ سخت محنت کی۔ ہوم گراؤنڈ میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کپتانی کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور میں اس ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کروں گا۔بنگلا دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو کا کہنا ہے کہ ہم پی سی بی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے لاہور میں پریکٹس کرانے میں ہماری مدد کی۔ ہمارے وہاں 2 سیشن ہوئے اور مجھے امید ہے کہ کھلاڑی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں بڑی صلاحیت ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی چمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہر میچ بہت اہم ہے۔ بنگلا دیش اے اور شاہینز کے درمیان سیریز نے ہمارے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ لگانے میں مدد کی ہے۔