میئر کراچی نے مہنگائی سے بے حال شہریوں پر ’’واٹر بم‘‘ گرادیا

248

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے سیوریج بلوں اور پانی کے نرخوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا پانچواں اجلاس میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت چیئرمین سیکرٹریٹ کارساز میں ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیوریج بلوں میں 14فیصد اور پانی کے نرخوں میں 9 فیصد اضافہ کیا گیا لیکن عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے اس اضافے کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں چوتھی بورڈ میٹنگ کے منٹس کی منظوری، بورڈ کے سابقہ فیصلے کی پیشرفت، مالی سال 25-2024کے لیے واٹر کارپوریشن کے 46.259 بلین روپے سالانہ بجٹ کی منظوری، ریٹیل اور بلک صارفین کے لیے واٹر اور سیوریج چارجز کی تجویز کردہ شرح کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں واٹر کارپوریشن ریگولیشنز 2024 میں زیر زمین پانی نکالنے سمیت اس کے استعمال اور انتظام میں ترمیم کی منظوری دی گئی جب کہ 65 ایم جی ڈی اضافی واٹر سپلائی کے تحت ہائی پوائنٹ فور بے فیز ون کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل سے 3 سال کی مدت کے لیے فیول سروس کی فراہمی اور کے فور منصوبے کے قریب مخصوص یونٹ کیلیے لیز کے معاہدے کی منظوری دی گئی۔ واٹر کارپوریشن کے ایکٹ 2023 کے مطابق پوسٹوں کی تخلیق اور کنسلٹنٹس کے تقرر سمیت مختلف عہدوں کے ناموں کی تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی۔