مریم نواز وزیر اعظم سے بجلی کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کریں‘ ترجمان سندھ

40

کراچی‘ لاہور (آن لائن‘ نمائندہ جسارت) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ اپنے وزیر اعظم چچا سے مطالبہ کریں کہ وہ بجلی کی قیمت کم کر دیں۔انہوں نے کہا کہ مریم بی بی وزیرِ اعظم سے مطالبہ کریں کہ وہ اوور بلنگ اور لائن لاسز کو روکیں، پاکستان کو اب صرف اور صرف مسائل کے پائیدار حل اور ترقیاتی اقدام چاہییں۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ میڈم! لولی پاپ اقدام کے بجائے عوامی مسائل کے پائیدار حل پر آپ کو مطئمن ہونا چاہیے، لولی پاپ اقدامات عوام کو لوٹنے اور قومی خزانے پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہیں، پنجاب کے 1 کروڑ 80 لاکھ سے زائد گھریلو صارفین کو 45 ارب روپے سے کتنا فائدہ ہوگا؟ یہ راکٹ سائنس نہیں۔45 ارب روپے کے پیکیج اور اس کی تشہیر پر اربوں روپوں کی میڈیا مہم مالِ مفت دلِ بے رحم کے مترادف ہے۔ بلوں میں ریلیف کے نام پر آئی پی پیز کو دیے جانے والے 45 ارب روپے عوام ہی کا پیسہ ہیں۔جبکہ دوسری طرف ن لیگی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگوکی اور شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ کو یقین کیوں نہیں ہو رہا، سندھ میں 16 سال سے حکومت آپ کی ہے، مریم نواز کی نہیں، الزام کی سیاست سے نکل آئیں۔ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے وہ یہاں ہی لوگوں کو ریلیف دے سکتی ہیں، اگر سندھ میں بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی تو مریم نواز سندھ کے لوگوں کو بھی یہ ریلیف دیتیں۔انہوں نے شرجیل میمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا؟۔ اس بات کا آپ کی لیڈر شپ کو بھی علم ہے، تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں، عوام کی خدمت کریں۔ اب پیپلز پارٹی بھی پنجاب کے عوام سے تعصب کا مظاہرہ کرے گی یہ سوچا نہیں تھا۔