اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ریفرنس تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن نے دائر کیا جو 2 جلدوں پر مشتمل ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے دائر نیا توشہ خانہ ریفرنس کا رجسٹرار احتساب عدالت جائزہ لیں گے، اعتراضات دور کرنے کے بعد ریفرنس احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج کو بھجوایا جائے گا جس کے بعد ایڈمنسٹریٹو جج ریفرنس پرخود یا کسی دوسری احتساب عدالت کومنتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 کی ہوش ربا تفصیلات سامنے آگئیں۔ ان تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس 2 سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا، بشریٰ بی بی کو بلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021ء دورہ سعودی کے موقع پر دیا گیا، جیولری سیٹ میں ایک عدد انگوٹھی، ایک عدد بریسلٹ، ایک نیکلس، ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں، تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ملٹری سیکرٹری نے 18 مئی 2021ء کو سیکشن افسر توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے اور ڈکلیئر کرنے کے بارے آگاہ کیا لیکن جیولری سیٹ کو جمع نہیں کرایا گیا، 28 مئی 2021ء کو بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قیمت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔، توشہ خانہ رولز کے مطابق50 فیصد دے کر بلغاری جیولری سیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے،بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔