پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی سیاست کے بجائے بجلی بلز پرعوام کو ریلیف دیں، وزیراعظم

193

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی طرح دیگر صوبے بھی سیاست چھوڑ کر عوام کو بجلی بلز پر ریلیف دیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پنجاب  کے عوام کو بجلی بلز پر ملنے والا ریلیف صوبائی حکومت کا اپنا پیسہ ہے، اس میں وفاق کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ دیگر صوبے بھی اس کام میں آگے بڑھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت مہنگائی 3 سال کی کم ترین سطح پر ہے جو 38 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے 11 پر پہنچ گئی ہے۔اسی طرح آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ بھی ہوچکا ہے۔آئی ایم ایف کو بریف کیے گئے آمدن اور ٹیکس کا ہدف پورا کرنے کے لیے شب و روز محنت کرنا ہوگی اور پاور سیکٹر میں ہونے والے نقصانات کم کرنے ہوں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چند روز قبل پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 500 یونٹ تک صارفین کو 2 ماہ کے بجلی میں فی یونٹ 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا جس کے لیے انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈز میں سے 45 ارب روپے مختص کیے اس میں وفاق نے کوئی حصہ شامل نہیں کیا،یہ پنجاب حکومت نے اپنے صوبے کے عوام کو تحفہ دیا باقی صوبے بھی بسم اللہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس ریلیف کے متعلق منفی باتیں سننے کو ملیں۔کے پی کے وزیر نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کو ریلیف دیا،یہ کتنی زیادتی کی بات ہے، پنجاب نے اپنے فنڈز سےریلیف دیا، ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔ کے پی حکومت نے اپنے عوام کو ریلیف دے سو بسم اللہ، انہیں پنجاب حکومت کو فالو کرتے ہوئے دین اور دنیا دونوں کمانے چاہییں مگر اس پر سیاست سے پرہیز کریں اور حقائق کو مسخ نہ کریں۔