اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے مسلسل جاری جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے.
صدرمملکت کا کہناتھا کہ ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو کھو دیا، پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا، ملک کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنما بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، دہشت گردی نے ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا مالی نقصان پہنچایا۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان مخالف قوتیں دہشت گردی کی حمایت، خفیہ طور پر مالی معاونت اور پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دینے کے لیے عسکریت پسند بھیج رہی ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار متاثرین دہشت گردی کی یاد اور خراج تحسین کے عالمی دن 21 اگست 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کہ متاثرین دہشت گردی کی یاد اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ہم دہشت گردی کے تمام متاثرین اور پاکستانی شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم دہشتگردوں کے خلاف ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔