اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے میٹا کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں آئی ٹی کے فروغ سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے میٹا کے وفد کو پاکستان میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے استعداد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو میٹا سے متعلق مسائل جلد از جلد حل کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف سے میٹا کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک سائمن ملنر کی قیادت میں میٹا کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔آئی ٹی اور اے آئی کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیا پیسیفک میں اپنی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا اور بریفنگ میں بتایا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، تانیہ ایدروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔