لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے حکومتوں کیساتھ پالیسیوں میں استحکام اور تسلسل بہت ضروری ہے۔ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی لاہور میں کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے زراعت کے روایتی طریقوں پر اثر ڈالا ہے جس سے جو بیج خاص موسم میں کارآمد تھے وہ اب موثر نہیں رہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت ملک کو پانی کی کمی کا بھی خطرہ ہے جو مستقبل میں مزید بڑھ سکتا ہے۔ 30 ارب ڈالر کا نقصان سیلاب کی صورت میں 2022 میں ہوا۔ اس وقت ملک معاشی بحران سے گزررہا ہے۔ کل بجٹ کا 50 فیصد قرضوں کی ادائیگی میں چلا جاتا، اگر ایسا رہا تو زیادہ دیر نہیں چل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جس مقام پر ہیں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا اور پالیسیاں مرتب کر کے عمل کرنا ہوگا۔