سندھ میں بھی بجلی کے نرخوں میں 14 روپے کمی کی جائے ،کراچی چیمبر

186

کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے صوبہ پنجاب کے لیے اعلان کردہ بجلی کے نرخوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ صوبہ سندھ کو بھی ایسا ہی ریلیف دیا جائے کیونکہ یہاں کی عوام اور تاجر برادری بھی بجلی کے ناقابل برداشت اور انتہائی اذیت ناک بلوں کی وجہ سے اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت سے گزر رہی ہے لہٰذا کراچی چیمبر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلی مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ سندھ کے لیے بجلی کے بلوں میں فوری ریلیف کا اعلان کریں جو کہ پاکستان کی معیشت میں بھی بے مثال کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر کے سی سی آئی نے زور دیا کہ وفاقی حکومت کو سندھ کی تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا احساس کرنا ہو گا جہاں توانائی کے بے انتہا ٹیرف کی وجہ سے کاروباری لاگت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور یہ تما م تر مشکلات ایسے حالات میں مزید بڑھ جاتی ہیں جب انہیں پانی جیسی بنیادی ضرورت کو بھی مہنگے داموں خریدنا پڑتا ہے جو پنجاب اور دیگر صوبوں میں معمولی داموںپر باآسانی دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی مشکلات اس حد تک بڑھ گئی ہیں کہ لوگوں نے یا تو اپنے روزمرہ کی غذا میں کمی کر دی ہے یا اپنے بچوں کو اسکولوں سے نکال دیا ہے تاکہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لیے کچھ رقم بچا سکیں جو کہ واقعی خوفناک اور پالیسی سازوں کے لیے شدید تشویش کا معاملہ ہے جو عام طور پر پاکستان کے کونے کونے میں معاشی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔جب بچوں کو اسکولوں سے نکالا جا رہا ہو اور لوگوں کے پاس بجلی کے بل ادا کرنے کے لیے کھانا چھوڑنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ ہو تو ان حالات میں ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے؟ یہ ایک بہت سنگین مسئلہ ہے جس کے پاکستان کے مستقبل پر گہرے منفی اور ناقابل علاج اثرات مرتب ہوں گے۔صدر کے سی سی آئی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کے لیے بھی بجلی کے نرخوں میں فوری کمی کرنا ناگزیر ہو گیا ہے کیونکہ یہ اب اُن کی بقا کا معاملہ ہے۔