پاکستان نے اسکواش کی عالمی دنیا پر73 سال تک حکمرانی کی ،قمرزمان

194

پشاور( اسپورٹس ڈیسک)اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسکواش کی عالمی دنیا پر ۷۳ سال تک حکمرانی کی اور سات کھلاڑیوں نے عالمی چیمپئن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اس کی بنیادی وجہ کھلاڑیوں میں کھیل سے لگن،بھرپور عزم اور جذبہ تھا لیکن آج سوشل میڈیا نے کھلاڑیوں کو بھی کھیل سے دور اور موبائل فون کے قریب کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ قمر زمان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی پیرس اولمپک میں کامیابی نے ایک بار کھلاڑیوں کی توجہ حاصل کر لی ہے اور لوگ جیولن تھرو کی جانب راغب ہو گئے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر آپ کسی بھی کھیل میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو کھیل مقبولیت حاصل کر لیتا ہے۔ قمر زمان نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اگرچہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی جگہ اب سوشل میڈیا نے لے لی ہے تاہم ہمیں اپنی مثبت رپورٹنگ کے ذریعہ فیک نیوز کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ فیک نیوز کھلاڑیوں اور کھیلوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہے۔ قمر زمان نے اے آئی پی ایس کی 100 ویں سالگرہ کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ اے آئی پی ایس نے دنیا بھر میں سپورٹس جرنلسٹس کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس کی وجہ سے ان کی استعداد کار بہتر بنانے اور مختلف موضوعات پر اظہار رائے کا موقع ملا ہے۔ سابق اسکواش چمپئن قمر زمان نے آرٹی فیشنل انٹیلی جنس (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے رجحان میں اسپورٹس جرنلسٹس کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی کارکردگی کو بھی سراہا اور پشاور میں ایگزیٹتو کمیٹی کے اجلاس کو خوش آئند قرار دیا۔