کراچی(اسپورٹس رپورٹر) ایمرجنگ ٹیلنٹ ویمنز باسکٹ بال ٹورنامنٹ پرپل ٹیم نے جیت لیا۔فائنل میچ میں پرپل ٹیم نے گرین ٹیم کو 12-24 پوائنٹ اسکور سے شکست دیکرایمرجنگ ٹیلنٹ ویمنز باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔تفصیلات کے مطابق کینیڈا کی این جی او رائٹ ٹو پلے اورفرانس سفارتخانے کے اشتراک سے اسکولوں اور کالجوں کے طلباء میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایمرجنگ ٹیلنٹ ویمنز باسکٹ بال ٹورنامنٹ منعقد ہوا ۔ مہمان خصوصی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔مذکورہ اسپورٹس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی وائس چانسلرڈاکٹر شگفتہ ناز ،ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر سمیرا ستار اور فرینک فائیو باسکٹ بال کلب کے صدر آصف اقبال خان نے اہم ترین کردار ادا کیا۔میچ ریفریز کے فرائض ارسلان علی طارق ،عبداللہ مغل ،محمود احمد اور معین ارشدنے انجام دیئے۔ ایمر جنگ ٹیلنٹ ویمنز باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں گورنمنٹ گرلز سکول چونگی امر سدھو، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول واسا پورہ، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور لاہور گیریژن یونیورسٹی سمیت لاہور بھر کے مختلف سکولوں اور کالجوں کے طلباء نے حصہ لیا۔تقسیم انعامات کی تقریب کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام آفس کا افتتاح بھی کیا گیا میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ ینگ ٹیلنٹ کو پروموٹ کرکے انہیں ملکی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں ۔