آئین و قانون کی حکمرانی کیلیے حکومت کیخلاف ملک گیر مہم کا اعلان جلد ہوگا، عمر ایوب

295

اسلام آباد:پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں اپوزیشن الائنس کے تحت 22 اگست کے جلسے کی تیاریاں کرنے کے حوالے سے گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا، جس میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، سیکرٹری جنرل عمر ایوب، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شبلی فراز، صاحبزادہ حامد رضا و دیگر شریک تھے۔

اجلاس میں اسلام آباد کے 22 اگست کے جلسے کے حوالے سے صورت حال اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس کے شرکا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے عمران خان سے متعلق تازہ فیصلے کے حوالے سے بھی بحث کی گئی۔

شرکا  کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پرامن جلسے کا انعقاد ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، اسی حق کو استعمال کرتے ہوئے 22 اگست کو وفاقی دارالحکومت میں ایک تاریخی اور بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں پورے پاکستان سے کارکن شرکت کے لیے آئیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ انتظامیہ جلسے کی تیاریوں اور انعقاد میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے ہمیشہ پرامن ہوئے ہیں۔ ہم ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اس حوالے سے حکومت کے خلاف ملک گیر مہم کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا۔