لاہور:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ابھی ہمارا کوئی اسٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے، نئے اسٹیڈیمز بننے کے بعد جلد بھارت سمیت دیگر ٹیمیں پاکستان آئیں گی، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، میچز کی تاریخیں آگے پیچھے ہوسکتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں کروانے کے لیے پی سی بی سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے، چار پانچ ماہ مشکل ہوں گے کیوں کہ گراؤنڈز بن رہے ہیں لیکن چیمپئنز ٹرافی سے پہلے کام مکمل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی، لاہور اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنا ایک چیلنج ہے، پر امید ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کام مکمل کر لیں گے، اسٹیڈیم مکمل ہونے دیں بھارت سمیت سب ٹیمیں آئیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کے لیے بلڈنگ لے لی ہے لیکن یہ ایک پیچیدہ مرحلہ ہے، ہفتہ 10 روز میں فیصلہ ہو جائے گا کہ یہ پروجیکٹ چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل ہو سکتا ہے یا نہیں کیونکہ بلڈنگ کو ہوٹل کی شکل دینا ہے۔