پاکستان اسٹیل رہنمائوں کی حفیظ الدین سے ملاقات

145

ایمپلائز ایکشن کمیٹی پاکستان اسٹیل کے ایک نمائندہ وفد نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار حفیظ الدین سے پاکستان ہائوس کراچی میں ملاقات کی۔ وفد میں پاسلو یونین کے جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول، انصاف لیبر یونین سی بی اے کے چیئرمین یاسین جامڑو، یونائٹیڈ ورکرز فرنٹ کے چیئرمین عروج علوی، صدر نذر عالم، پروگریسو لیبر یونین کے صدر اکبر ناریجو، جنرل سیکرٹری نوید آفتاب، انصاف ورکرز یونین کے سینئر نائب صدر ہارون خٹک، ایمپلائز یونٹی کے جنرل سیکرٹری نسیم حیدر سرونگ، ایکشن کمیٹی کے حامد سلیم، راجہ عنصر، سرور نیازی اور طارق شامل تھے۔ وفد نے چیئرمین قائمہ حفیظ الدین کو پاکستان اسٹیل کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی پیداواری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے روس کی جانب سے 2ارب ڈالرز سرمایہ کاری کی پیش کش موجود ہے لیکن حکومت اس جانب توجہ دینے کے بجائے پاکستان اسٹیل کو اسکریپ قرار دے کر اسے منہدم کرنے کی پلاننگ کر رہی ہے۔ حکومت کا یہ منصوبہ دراصل اسٹیل مل کی کھربوں روپے کی زمینوں کی بندر بانٹ کا منصوبہ ہے۔ حکومت اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے سنجیدگی دکھائے تو ہم بحالی کے لیے قابل
عمل تجاویز دیں گے۔ ملازمین ادارے کے اثاثوں کے اصل اسٹیل ہولڈر ہیں، اگر حکومت ادارے کو نہیں چلا سکتی تو ملازمین اسے خریدنے کے لیے تیار ہیں، اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر یکطرفہ حکومتی فیصلوں کا وہی حال ہو گا جو 2006 کی نجکاری کا ہوا تھا۔ وفد نے ملازمین کو درپیش مسائل سے چیئرمین قائمہ کمیٹی حفیظ الدین کو آگاہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں گزشتہ 12سالوں سے کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے، منظور شدہ فیز فور پر غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے جبکہ ہنڈریڈ بیڈ اسپتال اور کینٹین کو بند کر دیا گیا ہے اور اس مہنگائی کے دور میں ملازمین سخت مالی مشکلات کا شکار
ہیں۔ چیئر مین قائمہ کمیٹی حفیظ الدین نے وفد کی تمام معروضات کو تفصیل سے سنا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آئندہ بھی ملاقاتوں کے سلسلے کو جاری رکھنے کی بھی یقین دہانی کرائی وفد نے ملازمین کی سرپرستی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔