پاکستان انٹرنیشنل اسکول (رحاب) کے شہید بے نظیر بھٹو میموریل ہال میں پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ کی سرپرستی میں قومی یکجہتی فورم کے تعاون سے 77 ویں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید، بیگم مجید، پرنسپل عدنان ناصر، کمیونٹی کے اکابرین اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغازصدارتی ایوارڈ یافتہ قاری انجینئرمحمد آصف کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے پیش کئے گئے جس کے احترام میں ہال میں موجود مہمان کھڑے ہوگئے۔ اسکول کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیے۔ ملی نغمہ دل دل پاکستان پرحاضرین بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ رقض کیا۔ یوم آزادی کی تقریب میں پاکستان کے ثقافتی رنگ بھی چار سو بکھرے ہوئے نظر آئے جس سے پردیس میں دیس کا مزہ دوبالا ہوگیا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’14 اگست ہماری تاریخ کا روشن ترین دن ہے۔ ہمیں چاہیے کہ دو قومی نظریے سمیت نظریہ پاکستان کے مقاصد کو اپنی آئندہ نسلوں تک منتقل کریں تاکہ پاکستانی قوم میں محبت اور یگانگت کو فروغ ملے اور پوری قوم مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔آخرمیں قاری آٓصف پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ تقریب میں آزادی کی خوشی کا کیک بھی کاٹا گیا۔