اسلام آباد: پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان کا کہنا ہے کہ پاکستان سیاحت کی صنعت میں ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے اور اس شعبے میں ملائیشیا سے تکنیکی مدد حاصل کر سکتا ہے۔
پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان کا شمالی علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے جس میں دنیا کی چھ بڑی پہاڑی چوٹیاں پائی جاتی ہیں اور ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے کا ایک بڑا حصہ بھی پاکستان میں ہے جو قدرت کا ایک شاہکار ہے۔
محمد اظہر مزلان نے کہا کہ ملائیشیا نہ صرف روایتی سیاحت بلکہ مذہبی سیاحت، حلال صنعت، زرعی اور طبی سیاحت میں بھی دنیا میں نمایاں مقام رکھتا ہے، عالمی حلال انڈسٹری کی استعداد3ٹریلین ڈالر ہے اور اس شعبے میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وسیع تعاون اور مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔