بجلی کے بلوں میں ریلیف پر تنقید کرنے والوں شرم آنی چاہیے ، مریم اورنگزیب

262

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے بجلی کے بلوں میں ریلیف پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایسے پراپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی سیاست کرتی رہی ہے، اور مشکل حالات میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی جماعت کا اصول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے 201 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ریلیف فراہم کیا ہے، جبکہ 200 یونٹ تک کے صارفین کو وفاقی حکومت کی جانب سے سہولت دی جا رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریلیف کے اقدامات پر تنقید کرنے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے چار سال تک ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا، اور اب عوام کو دیے گئے ریلیف کو برداشت نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے نہ صرف ریلیف فراہم کرنے میں ناکامی دکھائی بلکہ نواز شریف کے دیے گئے ریلیف بھی عوام سے چھین لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو ریلیف کے لیے اقدامات کرنے چاہیے اور مسلم لیگ (ن) اس حوالے سے اپنا ماڈل شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔

مریم اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کو کم کرنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، اور وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔