لاڑکانہ: بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں طالبات کے بیانات قلمبند، تحقیقات جاری

130

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی حال ہی میں یونیورسٹی کی گرلز ہاسٹل کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا کہ گرلز ہاسٹلز میں رات کے وقت غیر وابستہ لوگوں کو دیکھا گیا ہے اور اس افواہ کو بنیاد بنا کر یونیورسٹی کے خلاف میڈیا ٹرائل اور احتجاج کیا گیا، یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی سنجیدگی کو سمجھتے ہوئے، ڈسٹرکٹ پولیس کی مدد لی اور ایس پی لاڑکانہ نے نہ صرف گرلز ہاسٹلز کا دورہ کیا بلکہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی اور طالبات کے بیان بھی قلمبند کیے اور ساتھ میں جیو فرانزک بھی کرائی گئی، ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں، اب تک ایسے کسی واقعے کے شواہد نہیں ملے، گرلز ہاسٹلز بالکل محفوظ ہے، اس وقت 17 کیمرے کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے سینئر پروفیسرز پر مشتمل داخلی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاج کرنے والے طالبہ و طالبات سے باتیں کیں اور انہیں اکیڈمک کاؤنسل میں بھی بٹھایا گیا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ یونیورسٹی انتظامیہ اس حوالے سے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ، لیکن وہ احتجاج پر بضد رہے اور مسلسل 5 دن سے یونیورسٹی کو مفلوج بنائے رکھا جس کے نتیجے میں ہر ممکن کوشش کے بعد یونیورسٹی کو سخت قدم اُٹھانا پڑا۔ ہم والدین کو یقین دہانی کرواتے ہیں کہ تدریسی عمل جلد بحال کر دیا جائے گا، ہم سمجھتے ہیں کہ یونیورسٹی کے خلاف منظم اور منفی سازش ہے۔