کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں رہائشی، صنعتی اور کمرشل صارفین کو اگلے 6 ماہ تک کے الیکٹرک سے مہنگی بجلی خریدنی پڑے گی۔ یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کائٹ) کے صدر جوہر قندھاری نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے تمام ڈسکوز کو فی یونٹ 31 پیسے بجلی سستی کرنے کی درخواست ہے اور یہ درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا
میں جمع کرادی مگر کراچی کے لیے ملک بھر سے الگ قانون ہے کہ کراچی کے لیے اگلے6 ماہ تک 3 سے 5 روپے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ ہوگا۔جوہر قندھاری نے کہا کہ ان حالات میں کراچی کی انڈسٹری نہیں چل سکے گی، ایک جانب ملک بھر میں تمام ڈسکوز کی طرف سے ریٹ کم ہیں اور اس کے برعکس کے الیکٹرک کے لیے ٹیرف زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 14 روپے فی یونٹ کمی کا فائدہ بھی پنجاب کی صنعتوں کو ہوگا، پیداواری لاگت اتنی بڑھ جائے گی کہ کراچی کی انڈسٹری لازمی بند ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں سے سستا مال کراچی آئے گا تو کراچی کی انڈسٹری کیسے چلے گی یہ انتہائی خطرناک اقدام ہے جو سلو پوائزن کی طرح انڈسٹری کو ختم کردے گا۔