کراچی:جماعت اسلامی کی 28 اگست کو مہنگائی کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی تاجروں نے مکمل حمایت کردی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تاجروں کا کہنا ہے کہ 28 اگست تاجر برادری کی جدوجہد کا دن ہوگا، تاجر دوست اسکیم کو جبری طور پر ناکام بنائیں گے۔
الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے دفتر میں مشاورتی اجلاس میں آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہم سب کو متحد ہوکر ایک پیج پر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرح تاجر بھی مہنگی بجلی کے عذاب کا شکار ہیں۔ تاجر دوست اسکیم کا یکطرفہ اور جبراً نفاذ کیا جا رہا ہے۔ بجلی بلز کی مد میں بھی تعصب برتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی کے بعد تاجروں کا کاروبار بہت کم ہو چکا ہے۔ 28 اگست کی شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنا کر ثابت کریں گے کہ یہ تاجر برادری کی جدوجہد کا دن ہے۔ اس کے لیے ہم تمام اختلافات بھلا کر متحد ہوکر ایک آواز اور ایک طوفان بن کر بڑھیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنما رضوان عرفان نے کہا کہ تنظیم تاجران اور انجمن تاجران کی کال پر 28اگست کو کراچی میں مکمل ہڑتال ہوگی، تاجر دشمن اسکیم کے نوٹسز کا اجرا بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح شرجیل گوپلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایف بی آر کے غلط ڈیمانڈ نوٹسز پر کراچی کے تاجر 30 ستمبر کو انکم ٹیکس گوشوارے داخل نہیں کرائیں گے لہٰذا ایف بی آر ہمیں نان فائلر کرکے کچھ بھی تصور کرلے۔
تاجر رہنما جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ کراچی کے تاجر 28 اگست کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں، کراچی میں بجلی کے نرخ سب سے زائد ہیں، کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک کیوں ہو رہا ہے۔ تاجروں کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حقوق نہیں مل جاتے، ایف بی آر کے لوگوں نے مارکیٹوں میں بدمعاشی کی تو وہ واپس نہیں جاپائیں گے۔