کراچی: پاکستان کے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی اور زیریں سندھ کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان تقریباً ختم ہو گیا ہے کیونکہ مون سون کا زیادہ تر نظام وسطی، بالائی سندھ اور بلوچستان کی طرف بڑھ گیا ہے ۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کراچی میں ہلکی بارش شروع ہو چکی ہے اور شہر کے دیگر علاقوں میں رات تک بارش ہونے کے امکانات ہیں ۔
تاہم سندھ کے کئی دیگر شہروں بشمول جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، شکارپور، گھوٹکی، سکھر میں موسلادھار بارش کے امکانات بہیت زیادہ ہیں ۔
محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں مزید کہا کہ یہ نظام سندھ میں 19 اگست کی صبح تک جاری رہے گا ۔
قبل ازیں،پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ایک روز قبل پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔
تاہم پنجاب کے شہر لاہور اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلیں۔
علاوہ ازیں شیخوپورہ، رحیم یار خان، قصور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی جبکہ کے پی اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔