عمران خان کی مبینہ سہولتکاری کا الزام،سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل گھر پہنچ گئے

154

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اڈیالہ جیل میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں تحویل میں لیے گئے سابق سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال کو رہا کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اڈیالہ جیل میں مبینہ طور پر سہولت کاری کے الزام میں 13اگست کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا تھا اور وہ گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے قریب اپنی رہائش گاہ پہنچے۔

ذرائع کے مطابق سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جمعہ کی سہ پہر اڈیالہ جیل کے قریب اپنی رہائش گاہ پہنچے، ظفر اقبال کے گھر پہنچنے پرلاپتا اسسٹنٹ ناظم شاہ کی فیملی نے بھی ملاقات کی۔

 بانی پی ٹی آئی کی مبینہ سہولت کاری کے شبے میں اڈیالہ جیل کے مزید 2 افسران سے پوچھ گچھ شروع کی گئی تھی، ان افسران میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال اور اسسٹنٹ ناظم شامل تھے۔

اس سے قبل 14 اگست کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو عمران خان کے لیے سہولت کاری کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

دوسری جانب سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ بھی گھر پہنچ گئے اور انہوں نے حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی تردید کی ہے۔