لاڑکانہ ،کوثرمل اسکول کی خستہ عمارت گرنے کا خدشہ

127

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر میں کوثر مل اسکول کی عمارت گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، چار سالوں سے خستہ حال عمارت کے ٹینڈر تو پاس ہوگئے ہیں مگر ابھی تک کوئی تعمیراتی ترقیاتی کام نی ہونے کی وجہ سے مزید پرائمری اسکول کی عمارت میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ خطرناک عمارت میں زندگی اور موت کے راستے پر کھڑے ہوکر تدریسی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، 4 سال سے سیکڑوں معصوم طلبہ و طالبات موت کے منہ میں جا کر تعلیمی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں، شہر کے معززین، سماجی تنظیموں کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاڑکانہ شہر میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول کوثر مل 4 سال سے موت کے منہ میں جا چکا ہے جس کی وجہ سے دو تین بار طلبہ و طالبات پر زبوں حالت میں عمارت کے ٹکرے گرنے سے زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے لاڑکانہ کے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو و دیگر متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ لاڑکانہ میں کوثر مل اسکول کی عمارت کو فوری طور پر تعمیر کر کے انسانی جانوں کا تحفظ کیا جائے۔ دوسری طرف تعلیمی نظام کو خوفناک ماحول سے نجات دلانے کیلئے کم از کم اسکول کے تدریسی عمل کو خوفزدہ ماحول سے نجات دلانے کے لئے دوسری قریبی اسکول بلڈنگ میں شفٹ کرنے کا بندوبست کرایا جائے، تاکہ سیکڑوں طلبہ ذہنی سکون کے ساتھ تعلیم تو حاصل کر سکیں۔