اے آر وائی اور ٹاور ا سپورٹس کنسورشیم کو ہوم کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق حاصل

213

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے آر وائی اور ٹاور ا سپورٹس کے کنسورشیم کو پاکستان ریجن کیلئے اگست 2024سے دسمبر 2026 تک تمام ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق دے دیئے ۔ یہ نشریاتی حقوق شفاف ٹینڈر کے عمل کے بعد دیئے گئے ہیں۔یہ نشریاتی حقوق گزشتہ 2 سال کے مقابلے میں دگنی قیمت پر دیئے گئے ہیں۔ پاکستان ان 28ماہ کے دوران مجموعی طور پر 11 ٹیسٹ 26ون ڈے اور 24ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا جن میں 25-2024 سیزن کے 7ٹیسٹ میچز بھی شامل ہیں۔ موجودہ اور اگلے سیزن میں 2 سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی شامل ہیں۔اے آر وائی کمیونیکیشنز کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ یہ ہمارا عزم ہے کہ کھیلوں کے بہترین ایونٹس کو چاہیے کہ وہ مقامی ہوں یا بین الاقوامی انہیں آپ کی اسکرین پر لایا جانا چاہیے ، لہذا اب اے ا سپورٹس پر شائقین کو انتہائی دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز کے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا ۔پہلا ٹیسٹ 21 سے 25اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30اگست سے 3ستمبر تک ہوگا۔ کمنٹری پینل میں عامر سہیل ، اطہرعلی خان، بازید خان، نک کامپٹن اور عروج ممتاز شامل ہیں جبکہ سکندر بخت پریزینٹر ہونگے۔