راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے سلسلے میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ گزشتہ روز تربیتی کیمپ میں قومی کھلاڑیوں نے بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں کوچز کی نگرانی میں3 گھنٹے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی آج آرام کرینگے پاکستان اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیمیں کل صبح10 بجے سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 30اگست سے 3ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔