190 ملین کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سماعت ملتوی

231

راولپنڈی: احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اوربشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، ظہیر عباس چودھری اور عثمان ریاض گل عدالت پیش ہوئے، نیب ٹیم بھی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں کمرہ عدالت میں پیش ہوئی۔

وکلاء صفائی کی جانب سے ریفرنس کے تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عمر ندیم کے بیان پر ساتویں مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہو سکی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے کہا کہ نیب بورڈ میٹنگ کے منٹس کی کاپی کی فراہمی کے حوالے سے ہماری درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، آج کی سماعت کو ملتوی کیا جائے۔

عدالت نے عمران خان کے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔