مون سون کا نیا سسٹم کراچی میں داخل، ہفتہ اور اتوار کو موسلادھار بارش کی پیشگوئی

199
heavy rain on Saturday and Sunday

کراچی: شہر قائد سمیت ملک میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، نئےاسپیل کے 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون ہوائیں کل سے شہر پر اثر انداز ہو سکتی ہیں جس کے سبب ہفتہ اور اتوار کو کراچی میں موسلادھار بارش توقع کی جارہی ہے جب کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے پنجاب میں ملتان، نارووال، شکر گڑھ اور جہلم سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک میں مون سون کا اسپیل 25 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، مون سون ہواؤں کا سلسلہ آج سے سندھ میں داخل ہوگیا ہے، جس سے 19 اگست تک کراچی، گھوٹکی، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹہ اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ این ڈی ایم اے نے پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔