اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا طریقہ کار طے کرلیا گیا، انتخابات 3 مختلف مراحل میں ہوں گے، پہلے مرحلے میں 125 یونین کونسلز کی 1625 نشستوں پر براہ راست الیکشن ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ہر یونین کونسل میں 13 نشستوں پر الیکشن ہوگا، چیئرمین ، وائس چیئرمین، 6جنرل،2 خواتین،مزدورکسان،نوجوان اور غیر مسلم کی ایک ایک سیٹ پر الیکشن ہوگا۔اسلام آباد کی 125 یونین کونسلز میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیاد پر ہوگا،بلدیاتی الیکشن سیکرٹ ووٹنگ کے تحت ہوگا۔
چیئرمین ،وائس چیئرمین مشترکہ امیدوار کے طور پر منتخب ہوں گے، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے تعلیم کی کوئی شرط نہیں ہے تاہم متعلقہ یونین کونسل میں درج ووٹر ہی الیکشن لڑ سکے گا،نوجوان کی نشست کیلئے کم از کم عمر 25 سال ہونا لازمی ہے۔