بہت ہوگیا، سی پیک میں گوادر کا حصہ مانگیں گے‘ ہدایت الرحمن

52

 

گوادر(نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر و حق دو تحریک کے سربراہ رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ اب بہت ہوگیا اب ہم سی پیک میں گوادر کا حصہ مانگیں گے، ہم کبھی ترقی کے مخالف نہیں تھے نہ ہی ہوں گے لیکن ترقی کی راگ الاپنے والوں کو معلوم ہو کہ گوادر بجلی سے محروم ہے پانی جیسی نعمت بھی گوادر میں ناپید ہوچکا
ہے ،چیک پوسٹوں پر عوام کا تذلیل کا سلسلہ تاحال جاری ہے، بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ ایران بجلی نہیں دے رہا اگر ایران بجلی نہیں دے رہا ہے، تو معاہدے کو ختم کریں، ہم نے بار بار کہا ہے کہ ایران کے ساتھ یہ احتجاج ریکارڈ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر میں لاپتا افراد کا مسئلہ بھی اسی جگہ پر موجود ہے، لالہ رفیق، اللہ داد،عالم خان اور صداقت جیسے نوجوان تاحال لاپتا ہیں ،ہم سی پیک میں گوادر کا حصہ مانگیں گے، سی پیک کے نام پر باقی پاکستان میں تو پیسہ خرچ ہوئے، لیکن سی پیک شہر بجلی اور پانی سے محروم ہے، سی پیک کے ماتھے کا جھومر گوادرہے لیکن اورنج ٹرین، بجلی اور موٹر وے لاہور میں بنے ہیں اب بہت ہوگیا اب ہم سی پیک میں گوادر کا حصہ مانگیں گے۔