جناح ٹرمینل پر نصب پارکنگ ٹوکن مشین خراب ہوگئی

30

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پارکنگ میں نصب ٹوکن مشین میں خرابی کی وجہ سے مسافروں کو خصوصاً غیر ملکی مسافروں کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم سول ایوی ایشن حکام نے اس مشین کی خرابی کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے پارکنگ ٹوکن سسٹم کا نظام ٹھیکے پر دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ مشین سے متعلق کچھ نہیں کرسکتے اور اس کے ذمے دار بھی وہ نہیں ہیں بلکہ خرابی اور ٹھیک کرنے کی ذمہ دار متعلقہ ٹھکیدار فرم ہے۔ ایک جائزہ کے مطابق ائرپورٹ جانے والے افراد کو اس پارکنگ میں اپنی گاڑیاں پارک کرنا پڑتی ہیں تاہم ٹوکن حصول کے لیے نصب مشین میں خرابی کی وجہ سے مسافروں کو ٹوکن کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کیونکہ مشین سے ٹوکن فوری نہیں نکل پاتا اور
مسافروں کوکافی دیر انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ائرپورٹ جانے والے ملکی اور غیر ملکی مسافروں نے اس مشین کی خرابی سے سول ایوی ایشن حکام کو مطلع بھی کیا ہے مگر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ان شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لیا ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹوکن کی ادائیگی کرنے کے باوجود ٹوکن نہ ملنے سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور جناح ٹرمینل پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔