پاکستان اللہ رب العزت کا عظیم تحفہ ہے، صاحبزادہ حافظ فاران

128

ننکانہ صاحب(این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر ننکانہ صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے کہا ہے کہ پاکستان اکابرین کی عظیم قربانیوں کا ثمرہے، آزادی کسی نعمت سے کم نہیں ہے ہمیں چاہیے پاکستان کی قدرکریں اور اسکی تعمیر و ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 77ویں جشن آزادی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جوکلمہ طیبہ کی بنیاد پرقائم ہوا یہ قیامت کی صبح تک شاد و آباد رہے گا انہوں نے کہا کہ 14اگست تجدید عہد کا دن ہے یہ وہ تاریخ ساز دن ہے جب ہم نے قائد اعظمؒ محمد علی جناح کی قیادت میں لاتعداد قربانیاں دے کر انگریز کی غلامی سے نجات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا اور اس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا گیا پاکستان کے عوام اپنے ملک سے والہانہ محبت کرنے ہیں اور جب بھی کوئی مشکل وقت آتا ہے پوری قوم متحد ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ دن جوش وجذبے کے ساتھ مناتے ہیں اور اس دن عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنا تن من دھن قربان کردیں گے ہمارا مقصد عوام کو قیام پاکستان کے حقیقی مقصد سے روشناس کرانا اور اس کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے پر آمادہ کرنا ہے۔ زندہ قومیں اپنے قومی دن اس عہد کی تجدید کے ساتھ مناتی ہیں کہ وہ ملک و قوم کی ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گی اور اس سلسلے میں کسی جانی و مالی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے مزید کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے یہ ہماری امنگوں کا تر جمان ہے اور مشاہیر کا عطاکردہ سائبان ہے۔مسلمانان بر صغیر پاک و ہند نے حصول آزادی کے لئے تاریخی خدمات انجام دیں پاکستان ان قربانیوں کا ثمر ہے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزاد اور خود مختار ملک عطا کیا ہے اب سوچنا یہ ہے کہ ہم وطن عزیز کے لئے کیا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظمؒ محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی بصیرت نے پاکستان کا حصول ممکن بنایا ہمیں وطن عزیز کی بقااور سلامتی کیلیے ہمہ وقت خدمات انجام دینا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ رب العزت کا عظیم تحفہ ہے، آزادی کی قدر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمان جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج ہمارے ماتھے کا جھومر اور ہمارا فخر ہے پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، فوج ملکی سلامتی اورتحفظ پاکستان کی ضمانت ہے ملک کی سرحدوں کے محافظوں کی اللہ حفاظت فرما۔