ریاست ڈائن بن چکی ہے، جماعت اسلامی سانگھڑ

39

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) یوم آزادی کے سلسلے میں جماعت اسلامی شاہ پور چاکر کے زیر اہتمام گڑیانی چوک پر خوبصورت تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خاص جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب امیر رفیق منصوری تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ آزادی کی حفاظت کیلیے جدوجہد ناگزیر ہے، پاکستانی ریاست ڈائن بن چکی ہے اور حکمران سفاک بھیڑیے جو پاکستان کو بے دردی کے ساتھ لوٹ رہے ہیں، پاکستان لاکھوں ماؤں، بہنوں کی قربانیوں کا ثمر ہے، ہم ایسے حالات میں پاکستان کا یوم آزادی منا رہے ہیں کہ جب پاکستان کے باسی شخصی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہوتے جا رہے ہیں، ملک پر مسلط سفاک بھیڑیوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا، نام نہاد آئی پی پیز کے ذریعے عوام اور ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے، عام اشیاء استعمال عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافے نے لوگوں کی خوشیاں چھین لیں، بجلی کے بل ادا کرنے کے لیے لوگ گھر کا سامان بیچنے اور خود کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن قوم کی اُمید بن کر اُبھرے ہیں، پاکستان بنانے کے لیے بر صغیر کے لاکھوں مسلمانوں، بوڑھے، بچے، جوانوں، ماؤں اور بہنوں نے قربانیاں دی ہیں۔