سری نگر (اے پی پی)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا تاکہ عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی حیثیت ایک جا رح کی ہے جسے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازع علاقے میں اپنایوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ
جموں و کشمیر میں15اگست بروز جمعرات مکمل ہڑتال کی گئی ۔ ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی ۔ ہڑتال کی وجہ سے مقبوضہ علاقہ ویرانی کا منظر پیش کرتا رہا۔ بڑی تعداد میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود آج کشمیریوں نے سیاہ جھنڈے لہراکر اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔قابض انتظامیہ نے پوری وادی کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر رکھا تھااور تمام اہم مقامات اور شاہراہوں پر چوکیاں اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں، جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔