کراچی (اسپورٹس رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ قومی ہیرو ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کے لئے گورنرہائوس سے 10کروڑ سے زائد کی مالیت کے تحائف دیئے،باصلاحیت کھلاڑی جن کے پاس وسائل نہیں،وہ گورنرہائوس آجائیں،ارشد ندیم نے گورنراینیشیٹیو کے تحت جاری آئی ٹی کورسز کے طلباکے لئے 100لیپ ٹاپ دینے کا علان کیا۔گورنرہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے ہمراہ گورنرہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پاکستان کے وقار اور قوم کو عزت دی اور سونے کے تمغے کے ساتھ قوم کو بھی ایک کر دیا۔کامران خان ٹیسوری نے کہاکہ ارشد ندیم کی جیت نے نفرتوں کو دفن کر دیا، قومی ہیرو کی جیت کو معیشت سے جوڑا جائے تاکہ نفرتوں کا دور ختم ہو۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب آزادی کے جشن میں پاک فوج اور ارشد ندیم کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، یہ دشمنوں کے لئے ایک پیغام ہے کہ اب قوم متحد ہے، پوری قوم ارشد ندیم کے ساتھ ہے، ایک طویل عرصہ بعد کھیل کے حوالے سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے لوگ گورنر ہائوس میں جمع ہوئے، صوبہ کے عوام نے قومی ہیرو کو اپنی والہانہ محبت، عزت سے نوازا، کراچی کے صنعت کار، تاجروں نے بھی قومی ہیرو کا بھرپور استقبال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد، سکھر سمیت صوبہ سے پیغامات ملے ہیں اور انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ قومی ہیرو ارشد ندیم وہاں کا بھی دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب گورنر ہائوس میں آزادی کا تاریخ ساز جشن منایا گیا۔گورنر سندھ نے شاندار انتظامات پر وزیراعلی، میئر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کا شکریہ ادا کیا ، لاکھوں کے مجمع کی سیکیورٹی کرنے پر پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا بھی شکر گزار ہوں۔ قومی ہیرو ارشد ندیم نے گورنر اینیشیٹو کے تحت جاری آئی ٹی کے طلباکے لئے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔ ارشدندیم نے کہا کہ گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتاہوں انہوں نے مجھے نا قابل فراموش عزت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اینیشیٹو کے تحت بہت ہی شاندار کام ہو رہے ہیں، آئی ٹی کورسز، راشن بیگز کی تقسیم اور امید کی گھنٹی نے بیحد متاثر کیا ہے۔ارشد ندیم نے کہا کہ صوبہ کے عوام نے جس محبت کا اظہار کیا وہ میری جیت سے بھی بڑھ کر ہے، اس محبت کے اظہار کے بعد میرا جذبہ ہے کہ مزید عالمی ریکارڈ بنائوں۔