قطر: یوم آزادی پر پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی

338

دوحہ (رپورٹ: لیاقت انجم)قطر ی دارالحکومت دوحہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی،جس جس میں کمیونٹی کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ سفارت خانے کے احاطے میں پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر ِ پاکستان ، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے اپنے پیغام میں یوم آزادی کے تاریخی موقع پر ساتھی پاکستانیوں کو مبارکباد دی۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں کو مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سفیر نے مظلوم فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قطر میں پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی کرنے اور انہیں بہترین روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکریہ ادا کیا۔