کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک ٹینڈر کر رہے ہیں تاکہ ٹینڈرنگ کے عمل کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں تاخیر کا مسئلہ حل ہوسکے، ایم اے جناح روڈ، حب ریور روڈ، ملیر، کورنگی، ابراہیم حیدری ہر جگہ کام ہوتا نظر آئے گا، وسائل بہتر ہو رہے ہیں جن سے شہری مستفید ہوں گے، لوگ مطمئن ہیں کہ چیزیں بہتر ہو رہی ہیں، ناقدین ہمارے کاموں کو بگاڑنے کی کوشش کرتے ہیں مگر انہیں اس میں کامیابی نہیں ہوگی، جو شہر پاکستان کو چلاتا ہے وہ خود بھی چل سکتا ہے اور ہم اسے چلا کر دکھائیں گے، 200 یونٹ تک بجلی کے بل کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا، کے ایم سی کو 4 ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوئی ہے،اس ماہ کے آخر میں بتائیں گے کہ کتنی رقم موصول ہوئی اور کس طرح کراچی کی ترقی پر خرچ کی جائے گی، یہ بات انہوں نے کراچی چڑیا گھر میں جدید فن لینڈ کا افتتاح اور طلبا و طالبات کے ہمراہ مغل گارڈن میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔