کراچی: شہر قائد میں کل جمعہ کے روز سے گرج چمک اور آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز طاقت ور مون سون ہواؤں کا سلسلہ مشرقی سندھ سے داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں جمعہ کی شام یا رات کو کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
مون سون کے نئے آنے والے طاقت ور سسٹم کے نتیجے میں ماہرین نے 17 تا 19 اگست شہر میں درمیانی و تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ کچھ علاقوں میں بارش کی شدت زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے دیہی علاقوں سمیت مختلف اضلاع میں جمعہ کی شب سے ہفتے کی صبح تک اور اس کے بعد 17 اگست کی شام کو وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کل کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز شہرکا مطلع زیادہ ترابرآلود رہنے کا امکان جب کہ سمندرکے نچلی سطح کے بادلوں کے سبب ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی کا امکان ہے۔