الیکٹرک گاڑیاں پاکستان میں تیار ہوں گی، غیر ملکی کمپنی کا بھاری سرمایہ کاری کا اعلان

165

اسلام آباد:پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ الیکٹرک گاڑیاں اب اندرون ملک ہی تیار ہوں گی، جس کے لیے غیر ملکی کمپنی کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اے ڈی ایم (غیر ملکی کمپنی) کی جانب سے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے لیے 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ملک میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے  حوالے سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر اور غیر ملکی کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے سی ای او کے مابین ملاقات ہوئی، جس کے بعد باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اور اے ڈی ایم گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مابین ملاقات کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اے ڈی ایم کمپنی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں،  وزارت صنعت و پیداوار متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ گرین انرجی پر توجہ مرکوز کرنے کی وجہ سے الیکٹرک گاڑیاں حقیقت بن چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں دیگر گاڑیوں کے مقابلے سستی ہیں، ان سے ایندھن کی بچت بھی ہوگی۔ منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں چارجنگ نیٹ ورک اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع ہو جائے گی۔

الیکٹرک گاڑی ایک چارج سے 300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔