ارشد ندیم کا کراچی کے طلبہ کیلیے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

287

کراچی:قومی ہیرو ارشد ندیم نے کراچی کے طلبہ کے لیے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر سندھ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے  ارشد ندیم نے کہا کہ میرے ساتھ پوری قوم کی دعائیں تھیں، جس کی وجہ سے میں ایونٹ میں کامیاب ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور یہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے کراچی میں بہت زیادہ عزت اور حوصلہ افزائی ملی ہے۔

انہوں نے کراچی کے طلبہ کے لیے 100 لیپ ٹاپ مفت دینے کا اعلان بھی کیا۔

ارشد ندیم کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کا میرے گاؤں آنا میرے لیے باعث عزت ہے۔ اسی طرح میں سندھ کے عوام اور حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری عزت افزائی کی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگ گورنر ہاؤس میں جمع ہوئے اور  پیار محبت عزت سے نوازا۔ انہوں نے کاہ کہ سندھ حکومت بھی 5 کروڑ  روپے دے رہی ہے جب کہ گورنر ہاؤس سے 10 کروڑ تک رقم جمع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے، پلاٹ اور اہل خانہ کو آئی فون 15 کا تحفہ دیا تھا۔