راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر عوام اور مسلح افواج کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یومِ آزادی کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ریٹائرڈ فوجی افسران کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر ریٹائرڈ افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع میں ریٹائرڈ فوجی جوانوں اور افسران کا کردار اہم ہے۔
آرمی چیف نے ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ریٹائرڈ قیادت پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔
جنرل سید عاصم منیر نے جعلی خبروں اور پراپیگنڈے کے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، تاہم ریٹائرڈ فوجی افسران، جوانوں اور قوم کی غیر متزلزل حمایت سے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس موقع پر ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور داخلی و خارجی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کا مقصد پاک فوج کی حاضر اور ریٹائرڈ قیادت کے درمیان مضبوط تعلق کو اجاگر کرنا تھا، اور اس موقع پر واضح کیا گیا کہ ریٹائرڈ افسران اور جوان ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے متحد ہیں۔