پنجاب اسمبلی: پی ٹی آئی نےعلی امیتاز وڑائچ کو پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا

248
Parliamentary Leader panjab

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے علی امتیاز وڑائچ کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پی ٹی آئی نے علی امتیاز وڑائچ کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل عمرایوب کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر حافظ فرحت عباس نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ حافظ فرحت عباس کی جانب سے استعفے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں میری ضمانتیں خارج ہوگئیں ہیں۔ جس کے بعد ان حالات میں بطور پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی فرائض سرانجام نہیں دے سکتا۔

علی امتیاز وڑائچ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے مجھے پارلیمانی پارٹی کا لیڈر مقرر کیا گیا ہے، انہوں نے جس اعتماد کا مجھ پر اظہار کیا میں انکا شکریہ ادا کرتا ہوں اور پوری کوشش کروں گا پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اتروں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب، میاں اسلم اقبال اور ملک احمد خان بھچر کے اعتماد کا بھی شکر گزار ہوں۔ ان شاءاللہ میں اپنے لیڈر اور اپنی جماعت کو مایوس نہیں کروں گا، پنجاب میں جاری فسطائیت کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتا رہوں گا۔