سکھر (نمائندہ جسارت) ریلوے کی نجکاری اور ملازمین کی ڈائون سائزنگ کے خلاف ریلوے پریم یونین سی بی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو کی قیادت میں بذریعہ موئن جودڑو ایکسپریس لاڑکانہ سے سہون تک ٹرین مارچ کیا گیا۔ اس موقع پر تمام اسٹیشنز پر اسٹیشن ماسٹرز اور اسٹاف نے بھر پور استقبال کیا اور ہار پہنائے، ٹرین مارچ کا آغاز لاڑکانہ ریلوے اسٹیشن سے کیا گیا، پاکستان ریلوے پریم یونین (سی بی اے) سکھر ڈویژن کے زیر اہتمام T L A پر کام کرنے والے ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کے خلاف ٹرین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خیر محمد تنیو نے کہا کہ ٹی ایل اے ملازمین جن کی مدت ملازمت 8 دس سال ہو گئی ہے، انہیں نوکری سے فارغ کیا جانا قابل مذمت ہے، حکومت نے الیکشن کے پہلے کہا تھا کہ ہم کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کریں گے، اس کے برعکس اب انہیں نوکری سے فارغ کیا جا رہا ہے جو ظلم و زیادتی اور معاشی قتل ہے، انہیں وقت پر تنخواہیں بھی نہیں ملتی اب ان کی جگہ نئے افراد بھرتی کیے جا رہے ہیں جس کی پرزور مذمت اور وفاقی حکومت و ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی سمیت نوکری پر مستقل کیا جائے۔