جدہ (سید مسرت خلیل) پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر سعودی عرب میں پاکستان ایمبیسی ریاض اورقونصلیٹ جنرل جدہ میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ جس میں مشن کے افسران کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سفارتخانہ ریاض میں سفیرپاکستان احمد فاروق نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی اور سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا جبکہ تینوں مسلح افواج نے سلامی پیش کی سفارتخانہ کے چانسری ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم مملکت ہے اس کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہم سب کی ذمے داری ہے، ہمیں ملکراس ملک کو ترقی اورخوشحالی کی طرف گامزن کرنا ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن رہے، ہم اپنے اسلاف کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ جدہ میں قونصل جنرل خالد مجید نے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی کی۔ بعد پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کی دعا کی گئی۔ اس موقع پرسابق قونصل جنرل اوراوآئی سی میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سانئس اینڈ ٹیکنالوجی آفتاب احمد کھوکھر بھی موجود تھے۔ دونوں تقریبات میں مشن افسران نے صدر زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اورنائب وزیرآعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈارکے پیغامات پڑھ کرسنائے اور 77ویں یوم آزادی کی خوشی کا کیک بھی کاٹا۔