کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم 78 واںجشن آزادی منایا گیا۔ کراچی میں جسارت آفس میں ’’جسارت اسپورٹس اینڈ ریکریئشن کلب‘‘ کے زیر اہتمام کیک کٹنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ شرکاء نے شکر اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔ تقریب میں مدیر اعلیٰ شاہنواز فاروقی ، نیوز ایڈیٹر توصیف جاوید، حیدرآباد ایڈیشن کے انچارج فیض عالم بابر، ویب انچارج نذیرالحسن ، ایڈمن انچارج نوید ، صفحہ اسپورٹس کے انچارج سید وزیر علی قادری اور ساتھیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف کوارڈی نیٹر کلب سید وزیر علی قادری نے کہا کہ پاکستان تاقیامت قائم ہونے کے لئے وجود میں آیا تھا اور ہم سب کی ذمے داری ہے کہ اس آزادی کا احترام اور رب کریم کا شکر ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہے اور بحیثیت قوم تمام مسائل سے نکلنے کے لئے سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ مدیر اعلی شاہنواز فاروقی نے کلب کی روایت کو برقرار رکھنے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ آخر میں ملک اور جسارت اخبار کی ترقی کے لئے دعا کی گئی۔